اسماعیلی امامت
0000-00-00
اسماعیلی امامت ایک موروثی منصب ہے جو کہ پہلے شیعہ امام، حضرت علیؑ، سے چلا آ رہا ہے۔ حضرت علیؑ، جو پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے چچا زاد بھائی اور داماد تھے، حضرت بی بی فاطمہ الزہراؑ سے رشتہ ازدواج میں منسلک تھے، جو پیغمبرِ اسلام کی صاحبزادی اور واحد زندہ رہنے والی اولاد تھیں۔
پیغمبرِ اسلام اللہ کے آخری اور حتمی رسول تھے۔ اسلام کی شیعہ تعبیر کے مطابق، پیغمبرِ اکرم نے اللہ کے حکم سے اپنی زندگی میں ہی حضرت علی ابن ابی طالبؑ کو مسلم امت کی قیادت کے لیے نامزد کیا۔ شیعہ مسلمانوں کے عقیدے کے مطابق، دینی قیادت یا امامت کا یہ سلسلہ ہمیشہ کے لیے جاری رہے گا۔ شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے نزدیک، ہزہائنس پرنس رحیم آغا خان، براہِ راست حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی نسل سے 50ویں موروثی امام ہیں۔
یہ امام الوقت کا حق اور اختیار ہے کہ وہ اپنے اولادِ نرینہ میں سے کسی ایک کو اپنا جانشین مقرر کرے۔ اسماعیلی اپنے نام کا ماخذ شیعہ امام حضرت جعفر الصادقؑ کے سب سے بڑے بیٹے، حضرت اسماعیلؑ کو امامت کا جائز جانشین تسلیم کرنے سے لیتے ہیں۔
اسماعیلی روایت میں، امام نہ صرف دین کی تشریح و تفسیر میں رہنمائی کرتے ہیں بلکہ اپنی جماعت اور ان معاشروں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کوشاں رہتے ہیں جن میں اسماعیلی بستے ہیں۔
اسماعیلی امامت ایک مکمل غیر سیاسی ادارہ ہے۔ اسماعیلی اپنے اپنے ممالک کے وفادار اور قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہونے کے پابند ہیں۔ اسماعیلی تاریخ میں، امامت ہمیشہ ان رہنماؤں اور حکام کے ساتھ تعمیری اور قریبی تعلقات استوار کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے ، جہاں اسماعیلی مقیم ہیں۔ حالیہ دہائیوں میں، امامت نے بعض ممالک کے ساتھ باضابطہ سفارتی معاہدے کیے ہیں، جو امامت اور اس کے ترقیاتی اداروں کے لیے ایک سازگار فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔ بعض مواقع پر، امامت یا ان کے اداروں کو حکومتوں کی جانب سے سفارتی حیثیت اور دیگر مراعات بھی دی جاتی ہیں۔
نومبر 2015 میں، جمہوریہ پرتگال اور اسماعیلی امامت کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پایا۔ پرتگالی حکومت کی دعوت پر، ہزہائنس آغا خان نے لزبن میں اسماعیلی امامت کا عالمی صدر دفتر قائم کیا۔ یہ معاہدہ، جو پرتگالی پارلیمنٹ میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا، جمہوریہ پرتگال کی جانب سے اسماعیلی امامت کو ایک بین الاقوامی ادارے کے طور پر تسلیم کرتا ہے، جو کہ قانونی حثیت اور قومی و بین الاقوامی معاملات میں عمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گیارہ جولائی 2018 کو، ہزہائنس آغا خان نے باضابطہ طور پر لزبن میں واقع ہینریک ڈی مینڈونسا پیلس کو اسماعیلی امامت کے صدر دفتر کے طور پر نامزد کیا اور اسے "دیوانِ اسماعیلی امامت" کے نام سے موسوم کیا۔