مولانا حاضر امام ؑنے کینیڈا کے وزیرِ اعظم سے ملاقات کی
0000-00-00
آج اوٹاوا کے پارلیمنٹ ہِل پر، مولانا حاضر امامؑ اور کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں کینیڈا میں قابلِ استطاعت رہائش کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر معاشی ترقی کے پروگرامز میں تعاون کے لیے نئی شراکت داریوں کا اعلان کیا گیا۔
وزیرِ اعظم کارنی نے حاضر امام ؑ کا کینیڈا آمد پر خیرمقدم کیا اور عالمی ترقی اور طرزِ حکمرانی میں ان کی قیادت اور خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کینیڈا اور اسماعیلی کمیونٹی کے درمیان 50 سال سے زائد عرصے پر محیط مضبوط تعلقات کا بھی ذکر کیا۔
وزیرِ اعظم کارنی نے کہا:
“کینیڈا میں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد اسماعیلی آباد ہیں۔ وہ ہمارے ملک میں نہایت عظیم کردار ادا کرتے ہیں، جو اس بڑی تعداد سے بھی کہیں زیادہ ہے — ہماری کمیونٹیز کی تعمیر، کاروباری جدت (انٹرپرینیورشپ)، اور ساتھ ہی تعلیم، یقیناً دین سے وابستگی، اور ترقی کے لیے حقیقی عزم رکھتے ہیں ۔"
وزیرِ اعظم نے اسماعیلی امامت کی جانب سے کینیڈا بھر میں ملٹی جنریشنل، غیر منافع بخش رہائشی منصوبوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا، جس کا مقصد قابلِ استطاعت رہائش کی فراہمی میں اضافہ کرنا ہے۔ مزید برآں، “بلڈ کینیڈا ہومز” کے تحت حکومتِ کینیڈا اسماعیلی امامت کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری قائم کرے گی، تاکہ کم اور متوسط آمدنی والے افراد کے لیے رہائشی منصوبے تیار کیے جا سکیں۔
حاضر امامؑ اور وزیرِ اعظم کارنی نے ترقیاتی مالیات کو بہتر بنانے کے لیے ایک اقتصادی شراکت داری پلیٹ فارم کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ اس سلسلے میں FinDev کینیڈا اور آغا خان فنڈ برائے اکنامک ڈیویلپمنٹ باہمی تعاون سے سرکاری اور نجی سرمایہ کو یکجا کریں گے، تاکہ افریقہ اور ایشیا میں انفراسٹرکچر، قابلِ تجدید توانائی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی جاسکے ۔
حاضر امام ؑنے فرمایا:
“وہ اقدار اور اصول جو کینیڈا کی شناخت کا حصہ ہیں، ہم بھی ان میں شریک ہیں اور ان پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ ہمیں اس دوستی کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے پر خوشی ہے، اور ہمارا خیال ہے کہ آج کا دن دنیا کو بہتر بنانے کے لیے ہمارے مشترکہ مستقبل کی بنیاد رکھے گا۔”
وزیرِ اعظم کارنی نے مزید اعلان کیا کہ معزز ڈیوڈ لامیٹی، جو اس وقت اقوامِ متحدہ میں کینیڈا کے مستقل نمائندے ہیں، کو اسماعیلی امامت کے لیے کینیڈا کا نیا نمائندہ مقرر کیا جائے گا۔ یہ تقرری اس مضبوط ہوتی ہوئی شراکت داری کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔