مولانا حاضر امام نے لندن میراتھن مکمل کر لی

0000-00-00

مولانا حاضر امام نے لندن میراتھن مکمل کر لی

مولانا حاضر امام نے اتوار، 26 اپریل 2026 کو لندن میراتھن میں اپنی ذاتی بہترین کارکردگی کے ساتھ فِنش لائن عبور کی۔

حاضر امام یہ دیکھ کر بہت خوش ہوئے کہ جماعت کے افراد نے بھی میراتھن میں حصہ لیا  انہوں نے فرمایا کہ اُن سب کو اُن کی طرف سے دلی مبارکباد پہنچائی جائے، اور ساتھ ہی اُن تمام جماعتی افراد کا شکریہ بھی ادا کیا جائے جنہوں نے وہاں موجود ہو کر اُن کی حوصلہ افزائی کی۔

اپنے فرامین میں، حاضر امام نے ہمیشہ جماعت کو فعال رہنے اور جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی ہے۔

 

“اپنی آئندہ صحت کی حفاظت کے لیے: خود کو متحرک رکھیں، موقع ملے تو کھیل کھیلیں، اور روزانہ کچھ وقت جسمانی حرکت کے لیے ضرور نکالیں،” انہوں نے گزشتہ سال یوگنڈا میں جماعت سے فرمایا۔

“آپ کی عمر کچھ بھی ہو اور آپ جتنے بھی مصروف ہوں، ہر شخص تھوڑی زیادہ حرکت کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔”

اپنی بے شمار ذمہ داریوں کے باوجود، حاضر امام باقاعدگی سے ورزش کے لیے وقت نکالتے ہیں، جس میں لمبی دوڑ بھی شامل ہے۔ انہوں نے 2024 میں برلن میراتھن اور 2025 میں شکاگو میراتھن مکمل کی۔

میراتھن کو عام طور پر برداشت کی دوڑ کی انتہا سمجھا جاتا ہے۔ یہ جسمانی طاقت، ذہنی مضبوطی اور مناسب رفتار برقرار رکھنے کا امتحان ہوتا ہے۔ اس کے لیے مہینوں کی سخت ٹریننگ، مناسب غذا اور آرام ضروری ہوتا ہے۔

اس کے باوجود، لمبی دوڑ ایک ایسی سرگرمی ہے جس کے لیے کسی خاص سامان یا جگہ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بڑے میراتھن مقابلوں میں 50 ہزار سے زیادہ لوگ حصہ لیتے ہیں، جن میں پیشہ ور کھلاڑی اور عام لوگ دونوں شامل ہوتے ہیں۔

آج کا ایونٹ کئی لحاظ سے تاریخی تھا۔ کینیا کے سیبسٹین ساوے نے مردوں کی دوڑ 1:59:30 کے عالمی ریکارڈ وقت کے ساتھ جیتی اور وہ دو گھنٹے سے کم وقت میں میراتھن مکمل کرنے والے پہلے شخص بن گئے۔

خواتین کی دوڑ میں ایتھوپیا کی ٹگسٹ اسیفا نے مسلسل دوسری بار لندن کا ٹائٹل جیتا، وہ بھی 2:15:41 کے عالمی ریکارڈ کے ساتھ۔

اس سال سب سے عمر رسیدہ مرد شریک 88 سالہ ہیری نیوٹن تھے، جنہوں نے 57 سال کی عمر میں دوڑنا شروع کیا اور آج اپنی 32ویں میراتھن میں حصہ لیا۔

جبکہ 86 سالہ ماریا رویرا سب سے عمر رسیدہ خاتون شریک تھیں۔

ہر سال اپریل میں ہونے والی لندن میراتھن، جو ورلڈ میراتھن میجرز میں شامل ہے، دنیا کے اہم مقابلوں میں شمار ہوتی ہے۔

یہ دوڑ گرین وچ پارک سے شروع ہوتی ہے اور شہر کے جنوب اور مشرق کے مشہور مقامات سے گزرتی ہوئی ٹاور آف لندن اور دریائے ٹیمز کے کنارے سے ہوتی ہوئی آخر میں شہر کے وسط میں واقع “دی مال” پر ختم ہوتی ہے۔

1981 میں شروع ہونے کے بعد سے، اس ریس کی مقبولیت مسلسل بڑھتی رہی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ اس کا خوبصورت راستہ اور مقامی لوگوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہے۔

ہر سال، راستے میں قائم امدادی مراکز پر 16 ہزار سے زائد رضاکار دوڑنے والوں کی مدد کرتے ہیں۔

گزشتہ سال اس ایونٹ نے خیراتی اداروں کے لیے ریکارڈ 87.3 ملین پاؤنڈ جمع کیے، جس سے یہ دنیا کا سب سے بڑا سالانہ ایک روزہ فنڈ ریزنگ ایونٹ بن گیا، جو ہزاروں قومی اور عالمی فلاحی اداروں کی مدد کرتا ہے۔