اسماعیلی امامت اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کے تعلقات مزید مستحکم

0000-00-00

اسماعیلی امامت اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کے تعلقات مزید مستحکم

جرمنی کے دورے کے آخری روزمولانا حاضر امام نے ملک کے صدر اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں کیں جن کا مقصد اسماعیلی امامت اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط مضبوط تعلقات کو مزید وسعت دینا تھا۔

جرمنی کے صدر فرینک والٹر اشٹائن مائر نے ولا بورسگ میں مولانا حاضر امام اور پرنس علی محمد کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں باہمی اشتراک کے نئے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں،ایک علیحدہ ملاقات میں مولانا حاضر امام اور جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان واڈیفُل نے اسماعیلی امامت اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کے وفاقی دفترِ خارجہ کے درمیان مشترکہ اعلامیہ برائے ارادہ (Joint Declaration of Intent) پر دستخط کیے۔ یہ اعلامیہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں فریق عصرِ حاضر کے اہم ترین عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ اس تعاون کے ترجیحی شعبوں میں موسمیاتی تبدیلی، صحت، تعلیم، اقتصادی ترقی، انسانی ہمدردی کے امور، سول سوسائٹی اور بہتر طرزِ حکمرانی شامل ہیں۔

اس موقع پر مولانا حاضر امام نے فرمایا :

"جرمنی گزشتہ چھ دہائیوں سے ایک قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے جو ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے، تکثیریت کے فروغ اور محدود وسائل والے علاقوں میں لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اسماعیلی امامت کے وژن کا ہم خیال ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم اس قیمتی دوستی کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔"

مولانا حاضر امام اور پرنس علی محمد نے وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی (BMZ) کے دفتر میں وزیر ریم الابالی راڈووان سے بھی ملاقات کی۔ آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) اور BMZ گزشتہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے معاشی ترقی، روزگار کے مواقع، صاف توانائی اور محفوظ پانی تک رسائی، نیز وسطی و جنوبی ایشیا، مشرقی افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں صحت اور تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔

دورے کے دوران مصری عجائب گھر برلن (Egyptian Museum Berlin) اور آغا خان ٹرسٹ فار کلچر (AKTC) کے درمیان بھی ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے جس کے تحت باہمی دلچسپی کے ثقافتی منصوبوں پر تعاون کیا جائے گا۔ اس شراکت داری کے تحت مصر کے شہر اسوان میں واقع قبۃ الہوا (Qubbet al-Hawa) یا "ڈوم آف دی ونڈ" کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔ یہ مقام قدیم مصری امراء اور مذہبی پیشواؤں کی آخری آرام گاہ ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ بھی ہے۔

اسی طرح انٹرنیشنل سیکیورٹی اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر (ISDC) اور یونیورسٹی آف سینٹرل ایشیا کے درمیان بھی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے ذریعے دونوں اداروں کے درمیان جاری شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس تعاون میں وسطی ایشیا کا طویل ترین پینل سروے بھی شامل ہے جس کے تحت 2010 سے مسلسل انہی افراد کا سروے کیا جا رہا ہے۔اس تحقیق کی ابتدائی مالی معاونت جرمن ووکس ویگن فاؤنڈیشن نے کی تھی جبکہ اقتصادی تحقیقی ادارہ DIW برلن اس کنسورشیم کی قیادت کر رہا تھا۔ اس مطالعے کے حالیہ مرحلے کی معاونت مشترکہ طور پر ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے کی ہے۔

آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک اور جرمنی کے درمیان شراکت داری کا آغاز 1960 کی دہائی کے اوائل میں ہوا جب جرمن نجی شعبے نے انڈسٹریل پروموشن سروسز (IPS) کے قیام میں تعاون کیا جو آغا خان فنڈ برائے اقتصادی ترقی (AKFED) کے تحت صنعت اور بنیادی ڈھانچے کا ادارہ ہے۔ آج یہ شراکت داری ایشیا، افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے 15 ممالک تک پھیل چکی ہے۔

اب تک جرمن ادارے صحت، موسمیاتی موافقت، زراعت و غذائی تحفظ، اقتصادی شمولیت، تعلیم اور ثقافتی ورثے کی بحالی سمیت مختلف شعبوں میں AKDN کے 250 سے زائد منصوبوں کے لیے تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر کی معاونت فراہم کر چکے ہیں۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے آغا خان فاؤنڈیشن رواں سال کے آخر تک برلن میں اپنا دفتر قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ملاقاتوں کے اختتام پر جماعتی قائدین کا ایک وفد ہوائی اڈے پر مولانا حاضر امام کو الوداع کہنے کے لیے موجود تھا۔ اس طرح جرمنی کا یہ تاریخی دورہ کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔